جہلم میں ڈکیتی کے دوران خاتون کو زخمی کرنے والا ڈاکو گرفتار، مال مسروقہ برآمد

جہلم: پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے دورانِ ڈکیتی خاتون کو زخمی کرنے اور طلائی زیورات چھیننے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے بڑی رقم برآمد کر لی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ سول لائنز راجہ عمران اور ان کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم احمد علی ولد ساکن بھڈی شاہ کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے 4 لاکھ 20 ہزار روپے نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے ایک گھر میں گھس کر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا، اسے چاقو کے زور پر ہراساں کیا اور طلائی چوڑیاں و بالیاں چھین لیں۔ دوران واردات ملزم نے خاتون کے سر میں ڈنڈے کے وار کر کے اسے زخمی بھی کیا اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
خاتون کی جانب سے ایمرجنسی 15 پر کال کیے جانے کے بعد پولیس فوری طور پر متحرک ہوئی، مقدمہ درج کر کے جدید طریقہ تفتیش کے ذریعے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔



