پنڈدادنخان میں چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ناظم عرف ملنگ گینگ کے 2 کارندے گرفتار، مال مسروقہ برآمد

پنڈدادنخان پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ناظم عرف ملنگ گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان اور ان کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ناظم عرف ملنگ گینگ کے 2 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ مال فروخت کر کے حاصل کی گئی 15 لاکھ 51 ہزار روپے رقم بھی برآمد کر لی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ انہیں ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔



