منگلا پولیس کی بڑی کارروائی، قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم گرفتار، ناجائز اسلحہ برآمد

دینہ: منگلا کینٹ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مطلوب ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے رائفل 44 بور معہ ایمونیشن برآمد کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ مقدمہ کے تمام پہلوؤں کا مکمل اور میرٹ پر جائزہ لیا جا سکے اور حقائق کو سامنے لایا جا سکے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button