جامعہ صدیقیہ قادریہ ڈومیلی میں کتاب کے عالمی دن پر علمی سنگِ میل، 100 احادیث کی تحقیق و تخریج مکمل

سوہاوہ: کتاب کے عالمی دن (23 اپریل) کے موقع پر جامعہ صدیقیہ قادریہ ڈومیلی، جہلم کے شعبہ تخریج الحدیث نے ایک اہم علمی کامیابی حاصل کرتے ہوئے احادیثِ نبویہ کی تحقیق و تخریج کے میدان میں نمایاں سنگِ میل عبور کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق نگران شعبہ افتاء و تخریج الحدیث مولانا مفتی محمد سفیان فاروق نے ایک سو (100) احادیثِ نبویہ کی تخریج و تحقیق مکمل کر لی ہے، جسے علمی حلقوں میں ایک قابل قدر اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ علاقے میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا منفرد علمی کام ہے، جسے اہلِ علم میں خاص اہمیت حاصل ہو رہی ہے۔
جامعہ کے مدیر محمد نعمان فاروق نے اس موقع پر مفتی محمد سفیان فاروق کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارنامہ نہ صرف مفتی صاحب کے لیے باعثِ سعادت ہے بلکہ جامعہ صدیقیہ قادریہ ڈومیلی کے لیے بھی ایک اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ علمی خدمت بانی جامعہ، خادم القرآن حضرت مولانا قاری محمد اسحاق فاروقی مرحوم اور دیگر مرحومین کے لیے صدقہ جاریہ بھی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس تحقیقی کام کو جلد شائع کر کے منظر عام پر لایا جائے گا تاکہ علومِ حدیث سے وابستہ طلبہ اور محققین اس سے استفادہ حاصل کر سکیں۔
تقریب اور اعلان کے موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ احادیثِ نبویہ کی تحقیق و تخریج نہایت اہم دینی خدمت ہے، جس کے ذریعے دین کی درست تفہیم اور حفاظت ممکن بنائی جا سکتی ہے۔



