شہید سب انسپکٹر محمد اقبال کی 16ویں برسی، جہلم پولیس کی سلامی

پنڈدادنخان: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کے احکامات پر ڈی ایس پی پنڈدادنخان نے شہید سب انسپکٹر محمد اقبال کی 16ویں برسی کے موقع پر ان کی لحد پر حاضری دی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی لحد پر سلامی پیش کی، جبکہ ڈی ایس پی پنڈدادنخان نے قبر پر پھول چڑھائے اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
پولیس کے مطابق شہید سب انسپکٹر محمد اقبال تھانہ صدر تلہ گنگ، ضلع چکوال میں تعینات تھے کہ 24 اپریل 2010 کو دوران گشت بذریعہ وائرلیس اطلاع ملی کہ احسان فلنگ اسٹیشن کے قریب نیٹو کے آئل ٹینکرز پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا ہے۔ اطلاع ملنے پر وہ فوری طور پر موقع پر پہنچے جہاں دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں وہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہید سب انسپکٹر محمد اقبال ایک بہادر اور نڈر پولیس افسر تھے، جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس ہمارے محسن ہیں، جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے محکمہ پولیس کا سر فخر سے بلند کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھا جائے گا۔



