ضلع جہلم میں 15 پٹواریوں کو گرداور کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی

جہلم: ضلع جہلم میں محکمہ مال کے انتظامی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں محکمانہ پروموشن کمیٹی کی سفارشات پر 15 پٹواریوں کو گریڈ 9 سے ترقی دے کر گرداور (BS-11) کے عہدوں پر مستقل بنیادوں پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
ترقی پانے والے افسران میں واجد نسیم، محمد انصار جاوید، غلام شبیر، چوہدری شفیع الرحمان، محمد ارشد، مرزا طالب حسین، قیصر جاوید، محمد نوید اختر، احمد حسین شاہ، نذر حیات، اظہر اقبال، محمد سہیل، محمد عثمان اور مقارب شہزاد شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ ترقیاں میرٹ، کارکردگی اور سروس ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے دی گئی ہیں، جس سے نہ صرف افسران کے حوصلے بلند ہوں گے بلکہ محکمہ مال میں سروس ڈیلیوری کے معیار میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ ماہرین کے مطابق ایسے اقدامات سے ادارہ جاتی شفافیت کو فروغ ملتا ہے اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ترقی پانے والے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں دیانتداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں اور عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترقی پانے والے افسران اپنی کارکردگی سے محکمہ مال کی ساکھ کو مزید مضبوط کریں گے اور عوامی خدمت کے اعلیٰ معیار قائم کریں گے۔



