ملکی استحکام کے لیے قوم متحد اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ڈاکٹر فضل الحق فضلی

جہلم: ڈاکٹر فضل الحق (فضلی) نے کہا ہے کہ ملکی استحکام کے لیے پوری قوم متحد ہے اور افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، جبکہ وطنِ عزیز کا دفاع محفوظ اور مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف کے پرسنل سیکرٹری اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر فضل الحق (فضلی) نے کہا کہ ہمیں اپنی عسکری قیادت پر فخر ہے اور جو آنکھ پاکستان کی طرف اٹھے گی اسے نوچ لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا طرز عمل انتہا پسندانہ ہے اور اگر اس نے جارحیت کی ناپاک کوشش کی تو پاک فوج اس کا بھرپور جواب دے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے اور کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت اپنی سکیورٹی فورسز کی ناکامیوں کا ملبہ ہمیشہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کرتا ہے تاکہ اپنی عوام کی توجہ ہٹائی جا سکے۔
ڈاکٹر فضل الحق نے مزید کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے، ایسے میں مقبوضہ کشمیر یا بھارت کے اندر ہونے والے واقعات کو پاکستان سے جوڑنا بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، دفاعِ وطن کے لیے پاکستان کا ہر فرد تیار ہے اور کسی بھی ناپاک کوشش کا ایسا جواب دیا جائے گا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔



