مین بازار میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، پختہ ٹھیے مسمار، 2 دکانیں سیل، دکانداروں کا احتجاج

دینہ میں انتظامیہ نے مین بازار کو ماڈرن بازار بنانے کے منصوبے کے تحت تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کرتے ہوئے کمرشل مارکیٹ کے فرنٹ پر قائم متعدد پختہ ٹھیے مسمار کر دیے جبکہ ملبہ نہ ہٹانے پر دو دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل، پٹواری شاہ میر احمد اور دیگر عملے نے پولیس نفری کے ہمراہ مین بازار میں کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران ان تجاوزات کو ختم کیا گیا جو سڑک اور عوامی گزرگاہ میں رکاوٹ کا باعث بن رہی تھیں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد تیمور خان نے واضح کیا کہ غیر قانونی تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور دکاندار اپنی دکانوں کے اندر اور باہر قائم تمام غیر قانونی ڈھانچے فوری طور پر ختم کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چیف آفیسر محمد فیصل نے بھی کہا کہ بازار کو منظم اور کشادہ بنانے کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

انتظامیہ کی کارروائی کے دوران کمرشل مارکیٹ کے سامنے قائم متعدد پختہ ٹھیے گرا دیے گئے جبکہ تجاوزات کی زد میں آنے والی عمارتوں کا ملبہ نہ ہٹانے پر دو دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔

دوسری جانب متاثرہ ٹھیہ مالکان اور دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وہ کئی سالوں سے اسی جگہ پر کاروبار کر رہے ہیں اور ان کے پاس ملکیتی دستاویزات بھی موجود ہیں۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے اور انہیں متبادل انتظام کے بغیر بے روزگار کیا جا رہا ہے۔

متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر انصاف فراہم کریں تاکہ ان کے روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button