جلالپور شریف میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی

پنڈدادنخان: تھانہ جلالپور شریف کے علاقے میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ چوری، ڈکیتی، ہوائی فائرنگ اور لڑائی جھگڑوں کے پے در پے واقعات کے باعث علاقہ مکین شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں جبکہ تاجروں اور عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ جلالپور شریف کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر سرگرم دکھائی دے رہے ہیں اور شہریوں کے مطابق پولیس جرائم پر قابو پانے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑوں، چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس کے باعث علاقے کا امن متاثر ہو رہا ہے۔
گزشتہ روز پننوال میں نامعلوم مسلح ڈاکو ایک سویٹ اینڈ کریانہ سٹور میں داخل ہوئے اور مبینہ طور پر لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ واردات کے بعد تاجروں اور شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ کاروباری طبقہ خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو جرائم میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور علاقے کا امن و سکون مکمل طور پر تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔
علاقہ مکینوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری سے فوری نوٹس لینے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے اور تھانہ جلالپور شریف میں محنتی، فرض شناس، ایماندار اور متحرک ایس ایچ او تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور علاقے میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔



