جہلم پاسپورٹ آفس میں خوشگوار تبدیلی، ملک عامر کی دوبارہ تعیناتی پر شہریوں کا خیرمقدم

جہلم پاسپورٹ آفس میں ایک بار پھر انتظامی تبدیلی سامنے آ گئی ہے جہاں ملک عامر کو دوبارہ انچارج آفیسر تعینات کر دیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی کی خبر سامنے آتے ہی شہریوں اور پاسپورٹ آفس آنے والے سائلین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق سابق انچارج حسن کا تبادلہ جہلم سے سیالکوٹ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد نئے احکامات کے تحت ملک عامر نے دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ملک عامر اس سے قبل بھی جہلم پاسپورٹ آفس میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور ان کے دور میں سائلین کے مسائل نسبتاً بہتر انداز میں حل کیے جاتے تھے۔
بعض شہریوں کے مطابق سابق انچارج کے دور میں عوام کو مختلف مشکلات کا سامنا رہا اور شکایات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا تھا، جس کے باعث سائلین پریشان دکھائی دیتے تھے۔
دوسری جانب ملک عامر کی دوبارہ تعیناتی پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نرم مزاج، خوش اخلاق اور عوام دوست افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ نئے انتظامی ماحول میں پاسپورٹ کے حصول کیلئے آنے والے افراد کو بہتر سہولیات، بروقت رہنمائی اور عزت و احترام کے ساتھ خدمات فراہم کی جائیں گی۔



