"میرا سکول، میری پہچان” کے تحت گورنمنٹ ہائی سکول ٹاہلیانوالہ میں پروقار تقریب کا انعقاد

جہلم: "میرا سکول، میری پہچان” کے عزم کے تحت ڈپٹی کمشنر جہلم کے میڈیا کوآرڈینیٹر اور سابق طالب علم محمد اویس کی جانب سے اپنے مادرِ علمی گورنمنٹ ہائی سکول ٹاہلیانوالہ جہلم میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کا مقصد طلباء کی حوصلہ افزائی، اساتذہ و والدین کے کردار کو اجاگر کرنا اور نوجوان نسل کو مثبت پیغام دینا تھا۔

اس باوقار تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات اور شعبہ واٹر فلٹریشن جہلم کے انچارج اصغر مرزا بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر سکول کے پریفیکٹس نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا۔

تقریب کے دوران اسسٹنٹ کمشنر جہلم اور میڈیا کوآرڈینیٹر محمد اویس نے طلباء میں سٹیشنری کے تحائف تقسیم کیے، جس میں ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیاء کا خصوصی تعاون شامل رہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اویس نے کہا کہ گورنمنٹ ہائی سکول ٹاہلیانوالہ ان کے لیے بہترین تربیت اور کردار سازی کی عظیم درسگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی کی کامیابیوں کے پیچھے والدین کی دعائیں اور اساتذہ کی مخلصانہ تربیت کا بنیادی کردار شامل ہے۔

محمد اویس نے سکول کے موجودہ ہیڈ ماسٹر کامران حسین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شفقت اور رہنمائی ہمیشہ یاد رہے گی۔ انہوں نے نور ویلفیئر ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیاء کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ان کیلئے باعثِ فخر لمحہ ہے کہ گورنمنٹ ہائی سکول ٹاہلیانوالہ کی تاریخ میں پہلی بار کسی سابق طالب علم کو اپنے ادارے کے بچوں کی خدمت کا موقع ملا۔

تقریب کے اختتام پر محمد اویس نے فارغ التحصیل طلباء سے اپیل کی کہ وہ اپنے مادرِ علمی کے طلبہ کی معاونت کیلئے ایسے فلاحی اقدامات میں بھرپور حصہ لیں تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button