عیدالاضحیٰ سے قبل سبزیوں اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، شہری پریشان

جہلم: عیدالاضحیٰ سے قبل جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں سبزیوں اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چکی کے آٹے کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ ہو گیا ہے جبکہ مختلف سبزیوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں۔
مارکیٹ میں سبز مرچ کی قیمت 65 روپے سے بڑھ کر 80 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ دیسی لیموں 365 روپے سے بڑھ کر 410 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔
اسی طرح ٹماٹر کی قیمت 45 روپے سے بڑھ کر 70 روپے فی کلو جبکہ پیاز 60 روپے سے بڑھ کر 90 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔ ادرک کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ 300 روپے سے بڑھ کر 330 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی مصنوعی مہنگائی میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور وہ مہنگے داموں اشیائے ضروریہ خریدنے پر مجبور ہیں۔
عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس کو سرکاری نرخناموں پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔



