دینہ پولیس کی احسن کارروائی، 12 سالہ ذہنی معذور بچے کو لواحقین سے ملا دیا

دینہ پولیس نے انسانی ہمدردی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاوارث حالت میں ملنے والے 12 سالہ ذہنی معذور بچے کو تلاش ورثاء کے بعد بحفاظت اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق 12 سالہ بچہ لاوارث حالت میں پایا گیا، جس پر تھانہ دینہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے اپنی تحویل میں لے لیا اور اس کے لواحقین کی تلاش کا عمل شروع کر دیا۔
پولیس نے مختلف ذرائع، مقامی افراد اور دستیاب معلومات کی مدد سے مسلسل کوششیں جاری رکھیں، جس کے نتیجے میں بچے کے اہل خانہ کا سراغ لگا لیا گیا۔ ضروری تصدیق اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچے کو بحفاظت اس کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔
بچے کے اہل خانہ نے بروقت مدد، انسانی ہمدردی کے جذبے اور بچے کو بحفاظت تلاش کرکے واپس ملانے پر تھانہ دینہ پولیس کا شکریہ ادا کیا اور پولیس کی کاوشوں کو سراہا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ جہلم پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انسانی خدمت اور شہریوں کی مدد کے جذبے کے تحت اپنے فرائض انجام دے رہی ہے اور ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور اور خصوصی افراد کی حفاظت اور ان کی بروقت مدد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔



