اسسٹنٹ کمشنر جہلم کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس، امن و امان کے قیام پر زور

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام، عمائدین، مذہبی رہنماؤں اور نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری، جلوسوں اور مجالس کے انتظامات سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے اپنے اپنے علاقوں میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و استحکام کے قیام میں بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ تمام مجالس اور جلوس پُرامن اور باوقار ماحول میں منعقد ہو سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکمے جلوسوں اور مجالس کے راستوں کی نگرانی، سکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی، ٹریفک کی روانی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت فرائض سرانجام دیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی احترام، اتحاد، برداشت اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دے کر ضلع جہلم میں امن و استحکام کی فضا کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور محرم الحرام کے دوران مثالی نظم و ضبط برقرار رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔



