ضلع جہلم کے پٹواریوں کی قلم چھوڑ ہڑتال ختم، پیر سے دفاتر میں معمول کے مطابق کام شروع ہوگا

جہلم: ضلع جہلم سمیت پنجاب بھر کے پٹواریوں اور قانونگوؤں نے جاری قلم چھوڑ ہڑتال ختم کرتے ہوئے سرکاری امور دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

انجمن پٹواریان و قانونگوئیان جہلم کے صدر اور جنرل سیکرٹری فرحان کے مطابق کھاریاں (ضلع گجرات) میں صوبائی سطح کا ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت شاہد عنصر گورائیہ نے کی۔ اجلاس میں پنجاب بھر کے ضلعی اور ڈویژنل صدور و جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے 5 جون کو پنجاب یونین کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران پٹواریوں کے مطالبات منظور کرنے کی مکمل یقین دہانی کروائی ہے۔ ملاقات میں ایس ایم بی آر کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ پیر سے معمول کے مطابق سرکاری امور دوبارہ شروع کیے جائیں۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پیر کے روز یونین کے نمائندگان دوبارہ متعلقہ حکام سے ملاقات کریں گے اور تیار کی گئی سمری کا جائزہ لیں گے۔ اگر کسی قسم کی ترمیم یا بہتری کی ضرورت محسوس ہوئی تو اسے شامل کروایا جائے گا۔

اجلاس کے شرکاء نے باہمی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر قلم چھوڑ ہڑتال کو تاحکمِ ثانی مؤخر کیا جاتا ہے اور تمام پٹواری و قانونگو اپنے فرائض معمول کے مطابق سرانجام دیں گے۔

اس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے پنجاب بھر کے عہدیداران کا اگلا اجلاس 28 جون کو راولپنڈی میں منعقد ہوگا، جس میں حکومتی وعدوں اور مطالبات پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

انجمن پٹواریان و قانونگوئیان جہلم نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت اپنے وعدوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے پٹواری برادری کے جائز مطالبات جلد منظور کرے گی تاکہ عوام کو ریونیو خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button