جلالپور شریف کے زلزلہ متاثرین کی بحالی تک حکومت پنجاب ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

پنڈدادنخان/جہلم: حکومت پنجاب نے جلالپور شریف کے زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین میں امدادی چیکس تقسیم کر دیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مشیر صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے جلالپور شریف کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں میں اپنے ہاتھوں سے امدادی چیکس تقسیم کیے۔
چیکس کی تقسیم کی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان، تحصیل انتظامیہ کے افسران اور زلزلہ متاثرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر متاثرہ خاندانوں نے حکومتی امداد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے مشیرِ صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ حکومت پنجاب زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور متاثرہ خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں کے پہلے مرحلے میں زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ میں امدادی چیکس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے مرحلے میں ان متاثرین کی مالی معاونت کی جائے گی جن کے مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔ حکومت پنجاب ان خاندانوں کی بحالی، رہائش اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے بھی مؤثر اقدامات کر رہی ہے تاکہ متاثرین جلد معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔
ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زخمی افراد کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی جائے گی اور تمام متاثرین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بحالی کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔
دوسری جانب زلزلہ متاثرین نے حکومت پنجاب کی جانب سے بروقت امداد کی فراہمی پر اطمینان اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ مشکل اور آزمائش کی اس گھڑی میں حکومتی معاونت نے انہیں حوصلہ دیا ہے اور ان کے دکھوں کا کسی حد تک مداوا کیا ہے۔
متاثرہ خاندانوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت پنجاب بحالی کے باقی مراحل میں بھی اسی سنجیدگی اور جذبے کے ساتھ ان کی معاونت جاری رکھے گی تاکہ وہ اپنے گھروں اور معمولاتِ زندگی کو دوبارہ بحال کر سکیں۔



