ڈھڈی پھپھرہ کے مقام پر نالے کی کھدائی کے بعد سڑک ادھوری چھوڑ دی گئی

پنڈدادنخان سے غریبوال جانے والی مرکزی سڑک پر ڈھڈی پھپھرہ کے مقام پر نالے کی تعمیر کے لیے کی جانے والی کھدائی کے بعد کام ادھورا چھوڑ دیے جانے سے علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔

عیدالاضحیٰ کی تعطیلات گزرنے کے کئی روز بعد بھی تعمیراتی سرگرمیاں دوبارہ شروع نہ ہو سکیں، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اہلِ علاقہ کے مطابق نالے کی تعمیر کے دوران واٹر سپلائی کی مرکزی پائپ لائن بھی اکھاڑ دی گئی تھی، تاہم تعمیراتی کام مکمل نہ ہونے کے باعث نئی پائپ لائن تاحال نصب نہیں کی جا سکی۔ اس صورتحال کے نتیجے میں نہ صرف نکاسی آب کا نظام متاثر ہوا ہے بلکہ سڑک کے دونوں اطراف واقع آبادی پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہو چکی ہے۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی کی عدم دستیابی کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور خواتین، بچے اور بزرگ دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب ادھوری کھدائی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک بھی ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بن رہی ہے، جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

اہلِ علاقہ نے شکایت کی ہے کہ کئی روز گزرنے کے باوجود متعلقہ محکموں کی جانب سے تعمیراتی کام دوبارہ شروع کرنے کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا، جس کے باعث عوامی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم، اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نالے کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے، واٹر سپلائی لائن بحال کی جائے اور متاثرہ آبادی کو پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو عوامی مشکلات مزید سنگین صورت اختیار کر سکتی ہیں، لہٰذا متعلقہ ادارے فوری طور پر موقع کا دورہ کر کے مسئلے کا مستقل حل نکالیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button