پنڈدادنخان میں لڑکی کو مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا کر بلیک میلنگ کرنے والا ملزم گرفتار

پنڈ دادنخان: پولیس نے لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی جنسی زیادتی اور ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے کے مقدمے میں مطلوب ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ للِہ اور ان کی ٹیم نے موثر کارروائی کرتے ہوئے مقدمے میں مطلوب ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ کیس کی تفتیش بھی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم پر لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی اور ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے، جس کے سلسلے میں گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ایسے مقدمات میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانا جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور اس نوعیت کے سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔



