جلالپور کینال میں آزمائشی بنیادوں پر پانی کا اجرا، تحصیل پنڈدادنخان کی زرعی ترقی کا نیا دور شروع

پنڈدادنخان: ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے لیے خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں نیو جلالپور کینال میں آزمائشی بنیادوں پر پانی چھوڑ دیا گیا ہے۔ نہر میں پانی رسول ہیڈ ورکس سے جاری کیا گیا، جو جلالپور شریف، سگھر پور، سیدانوالہ، عبداللہ پور اور دیگر علاقوں سے گزرتا ہوا دریائے جہلم میں شامل ہوگا۔
مقامی شہریوں اور کاشتکاروں نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے تحصیل پنڈدادنخان کی زرعی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ہزاروں ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہوگی، جس سے زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ اور کسانوں کی معاشی حالت بہتر ہونے کی توقع ہے۔
صوبائی وزیر آبپاشی میاں محمد کاظم علی پیرزادہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ آبپاشی پنجاب نے دریائے جہلم پر واقع رسول ہیڈ ورکس سے نیو جلالپور کینال میں پانی کا آزمائشی اجرا کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق یہ منصوبہ محکمہ آبپاشی کے انفراسٹرکچر میں ایک اہم اضافہ اور زرعی خود کفالت کی جانب ایک مؤثر قدم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیو جلالپور کینال پنجاب کے اہم ترین آبپاشی منصوبوں میں شامل ہے، جس کا مقصد ضلع جہلم اور ضلع خوشاب کے وسیع بارانی علاقوں کو نہری آبپاشی کی سہولت فراہم کرنا، زرعی پیداوار میں اضافہ، زیرِ زمین پانی پر انحصار کم کرنا اور کسانوں کی معاشی خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔
وزیر آبپاشی کے مطابق تقریباً 117 کلومیٹر طویل اس نہر کے ذریعے لگ بھگ ایک لاکھ 70 ہزار ایکڑ زرعی اراضی کو آبپاشی کی سہولت میسر آئے گی، جس سے خطے میں زرعی سرگرمیوں کو نئی جہت ملے گی اور غذائی تحفظ کو مزید مضبوط بنانے میں مدد حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ دریائے جہلم صدیوں سے پنجاب کی تہذیب، زراعت اور خوشحالی کا امین رہا ہے، جبکہ نیو جلالپور کینال میں پانی کے آزمائشی اجرا کے ساتھ ترقی، پائیدار آبی وسائل کے مؤثر استعمال اور آنے والی نسلوں کی خوشحالی کی ایک نئی داستان رقم ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ آبپاشی پنجاب جدید انجینئرنگ، مؤثر آبی نظم و نسق اور پائیدار ترقی کے اصولوں کے تحت صوبے میں آبپاشی کے نظام کو مزید مستحکم بنانے اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ افسران، انجینئرز اور متعلقہ عملے نے بھی موجود رہ کر آزمائشی کارروائی کا تفصیلی جائزہ لیا اور منصوبے کی کامیاب پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔



