اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کا بڑاگواہ میں فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ، ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے انتظامات کا جائزہ لیا

سوہاوہ: اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے ممکنہ مون سون اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر بڑاگواہ میں قائم ریسکیو 1122 کے فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امدادی تیاریوں اور ہنگامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ان کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور جذبے کو سراہا۔ اس موقع پر ریسکیو حکام نے انہیں ممکنہ سیلابی صورتحال، فلڈ ریلیف کی تیاریوں، دستیاب وسائل اور ہنگامی امدادی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام اداروں کے درمیان باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے، فیلڈ میں موجود عملہ مکمل مستعد رہے اور کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی کی صورت میں فوری اور مربوط امدادی کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا ہر ممکن تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ریسکیو حکام نے یقین دہانی کرائی کہ مون سون سیزن کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں، مشینری اور ضروری امدادی سامان مکمل طور پر تیار ہے اور عوام کو بروقت امداد فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل ہمہ وقت دستیاب رہیں گے۔



