15 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم انٹرپول کے ذریعے دبئی سے گرفتار

جہلم پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے سال 2011 سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو انٹرپول کے ذریعے دبئی سے گرفتار کر کے پاکستان منتقل کر لیا۔ ملزم کو لاہور پہنچانے کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ چوٹالہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عصمت بیگ کے نام سے ہوئی ہے، جو سال 2011 میں تھانہ چوٹالہ کے علاقے میں درج قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ مبینہ طور پر دیرینہ رنجش کی بنا پر فائرنگ کر کے عرفان نامی شخص کو قتل کیا تھا، جس کے بعد دونوں ملزمان بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے طویل عرصہ روپوش رہا، تاہم جدید سائنسی طریقۂ تفتیش اور انٹیلی جنس ذرائع کی مدد سے اس کا سراغ لگا کر انٹرپول کے تعاون سے دبئی سے گرفتار کیا گیا اور بعد ازاں پاکستان منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو لاہور سے تھانہ چوٹالہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے اور مقدمے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کی گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانا جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔



