سوہاوہ میں مویشی چوری کرنے والا ملزم گرفتار، رقم برآمد

سوہاوہ: پولیس نے مویشی چوری کے مقدمے میں مطلوب ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے مبینہ طور پر چوری شدہ مویشی فروخت کر کے حاصل کی گئی نقد رقم برآمد کر لی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مویشی چوری کے مقدمے میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا۔ دورانِ تفتیش ملزم کی نشاندہی پر چوری شدہ مال مویشی فروخت کر کے حاصل کی گئی 40 ہزار روپے نقد رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ واردات کے دیگر پہلوؤں اور ممکنہ ساتھیوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا سکیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مویشی چوری سمیت دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپور قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔



