سوہاوہ پولیس نے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا، مرکزی ملزم سمیت تین افراد گرفتار

سوہاوہ پولیس نے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا، مرکزی ملزم سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سوہاوہ پولیس نے جدید تفتیشی حکمتِ عملی، تکنیکی شواہد اور انٹیلی جنس معلومات کی مدد سے اندھے قتل کے ایک مقدمے کا سراغ لگا کر مرکزی ملزم سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور دو موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق یہ کارروائی ڈی ایس پی سوہاوہ سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ ملک عمران اور ان کی ٹیم نے انجام دی۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے تحصیل سوہاوہ کے علاقے ڈھوک ناون میں قتل کی واردات کی تھی، جس کے بعد کیس کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری رہی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کے آغاز میں مختلف افراد کو شاملِ تفتیش کیا گیا، تاہم ابتدائی تحقیقات سے کیس حل نہ ہو سکا۔ بعد ازاں جدید سائنسی طریقۂ تفتیش، تکنیکی شواہد اور ہیومن انٹیلی جنس کے ذریعے ملزمان کا سراغ لگایا گیا۔ ذرائع کے مطابق سابق تفتیشی افسر راجہ وسیم نے بھی تحقیقات میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ ان کے تبادلے کے بعد ایس ایچ او ملک عمران نے مقدمے کی نگرانی خود کرتے ہوئے کارروائی مکمل کی۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ اور دو موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button