جہلم میں 35 فٹ گہرے کنویں میں گر کر مٹی اور سیمنٹ کی سلیبوں تلے دبنے والے شخص کو زندہ نکال لیا گیا

جہلم : کالا گجراں میں 35 فٹ گہرے کنویں میں گرنے والا شخص پانچ گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد زندہ نکال لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقے کالا گجراں میں کام کے دوران تقریباً 35 فٹ گہرے کنویں میں گر کر سیمنٹ کی سلیبوں اور مٹی تلے دب جانے والے شخص کو ریسکیو 1122 نے پانچ گھنٹے طویل اور انتہائی مشکل آپریشن کے بعد بحفاظت زندہ نکال کر ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کر دیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص کنکریٹ کی سلیبوں کے ذریعے کنویں کو ڈھانپنے کا کام کر رہا تھا۔ اس دوران وہ اچانک تقریباً 35 فٹ گہرے کنویں میں گر گیا اور اوپر موجود سیمنٹ کی سلیبیں اور مٹی اس پر آ گری، جس سے وہ ملبے تلے دب گیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 جہلم کے کنٹرول روم نے فوری طور پر ایک ایمبولینس اور ریسکیو وہیکل جائے وقوعہ پر روانہ کیں۔ ریسکیو ٹیم نے پہنچتے ہی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا، جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد بطور انسیڈنٹ کمانڈر موقع پر پہنچ کر آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے انتہائی احتیاط اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرحلہ وار آٹھ سیمنٹ کی سلیبیں ہٹائیں اور تقریباً پانچ گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد متاثرہ شخص تک رسائی حاصل کر کے اسے زندہ اور بحفاظت ملبے سے باہر نکال لیا۔
متاثرہ شخص کو موقع پر فوری طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد مزید علاج کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی دیکھ بھال جاری ہے۔



