مکہ معاہدہ مسلم امہ کے اتحاد، امن اور اجتماعی دفاع کی جانب اہم پیش رفت ہے، چوہدری فرخ الطاف

جہلم: چوہدری فرخ الطاف نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ مسلم امہ کے اتحاد، امن اور اجتماعی دفاع کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حالیہ دنوں میں مکہ مکرمہ میں ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو انہوں نے خوش آئند اور مسلم امہ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

اپنے بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک تعاون خطے میں امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں، اس لیے تینوں ممالک کا دفاعی تعاون مسلم دنیا میں اتحاد اور باہمی اعتماد کی نئی مثال قائم کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کا بنیادی تصور یہ ہے کہ کسی ایک فریق پر حملے کو تینوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا، جس سے مشترکہ دفاع اور دفاعی بازداریت کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔

چوہدری فرخ الطاف نے مزید کہا کہ مکہ معاہدہ صرف تین ممالک کے دفاعی تعاون تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے مسلم امہ کے وسیع تر مفادات، امن، استحکام اور باہمی تعاون کا ذریعہ بننا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس تعاون کو مرحلہ وار دیگر مسلم ممالک تک بھی وسعت دی جائے تو اسلامی ممالک مشترکہ طور پر دہشت گردی، انتہا پسندی، علاقائی عدم استحکام اور دیگر مشترکہ چیلنجز کا زیادہ مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون نہ صرف تینوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ خطے میں امن و استحکام اور مسلم دنیا میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button