انجمن آرائیاں ضلع جہلم کی 16 سالہ قانونی جدوجہد کامیاب، میاں محمد سعید ڈیرے والے اور ٹیم کو خراجِ تحسین

جہلم: انجمن آرائیاں ضلع جہلم کی 16 سالہ طویل قانونی جدوجہد میں کامیابی حاصل کرنے پر میاں محمد سعید ڈیرے والے اور ان کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ضلعی صدر انجمن آرائیاں حاجی حبیب الرحمن آرائیاں کی جانب سے ضلعی سیکرٹریٹ انجمن آرائیاں، روہتاس روڈ جہلم میں پروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض معروف قانون دان و جنرل سیکرٹری انجمن آرائیاں چوہدری زاہد یعقوب نے انجام دیے۔ تقریب میں ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں اور جہلم سٹی سے انجمن آرائیاں کے عہدیداران، سرکردہ شخصیات اور معتبر افراد نے بھرپور شرکت کی۔

تحصیل سوہاوہ سے مشتاق کھوکھر اور ان کی ٹیم، تحصیل دینہ سے چوہدری شجاعت آرائیں اور ان کی ٹیم، تحصیل جہلم سے چوہدری خالد آرائیاں اور ان کی ٹیم جبکہ جہلم سٹی سے چوہدری اشرف اور ان کی ٹیم سمیت معروف قانون دان چوہدری محمد یعقوب، چوہدری محمد اصغر آرائیاں، معروف کاروباری و سماجی شخصیت چوہدری محمد ولید آرائیں اور دیگر شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔

اس موقع پر مقررین نے آرائیں برادری کے حقوق کے لیے میاں محمد سعید ڈیرے والے اور ان کی ٹیم کی جانب سے طویل عرصے تک جاری رہنے والی قانونی جدوجہد اور کامیابی کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی صرف ایک قانونی معاملے کی تکمیل نہیں بلکہ مسلسل جدوجہد، عزم، اتحاد اور ثابت قدمی کا ثمر ہے۔

ضلع جہلم کے عہدیداران نے معروف قانون دان چوہدری محمد یعقوب کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی کاوشوں کے تہہ دل سے مشکور ہیں، جنہوں نے انجمن آرائیاں ضلع جہلم کو منظم کرنے اور برادری کو ایک متحد پلیٹ فارم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ضلعی صدر انجمن آرائیاں حاجی حبیب الرحمن آرائیاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 16 سالہ طویل قانونی جدوجہد کے بعد کامیابی یقیناً باعثِ مسرت ہے، تاہم اب عملی خدمت کا مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔ یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ برادری کے کمزور اور مستحق افراد کو ہنرمند بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کا سہارا بن کر مشکلات آسان کرنا اور برادری کے افراد کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہوں گی، کیونکہ یہی حقیقی خدمت اور اتحاد کا تقاضا ہے۔

معروف کاروباری و سماجی شخصیت چوہدری محمد ولید آرائیں نے بھی خطاب کیا اور برادری کی فلاح و بہبود، تنظیم سازی اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انجمن آرائیاں کو مزید منظم، فعال اور مضبوط بنایا جائے گا اور برادری کے مستحق و کمزور افراد کی عملی مدد کے لیے اجتماعی کاوشوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button