دینہ میں مستحق موٹر سائیکل سواروں میں مفت ہیلمٹ تقسیم

دینہ: پٹرولنگ ہائی وے پوسٹ جی ٹی روڈ چک اکا کے مقام پر ممتاز اوورسیز پاکستانی و سماجی شخصیت چوہدری نعمان حیدر سکنہ طور، حال مقیم اٹلی کی جانب سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لیے مستحق موٹر سائیکل سواروں میں 30 مفت ہیلمٹ تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر ڈی او پٹرولنگ ہائی وے پولیس ضلع جہلم چوہدری رفاقت علی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی او پی ایچ پی جہلم چوہدری رفاقت علی اور چوہدری نعمان حیدر نے شرکاء کو روڈ سیفٹی، ٹریفک قوانین اور ہیلمٹ کی افادیت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔
چوہدری نعمان حیدر نے کہا کہ سڑکوں پر روزانہ پیش آنے والے حادثات میں متعدد موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ نہ پہننے کے باعث قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، جبکہ بعض حادثات میں متاثرہ افراد زندگی بھر کے لیے معذوری کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حادثات دیکھ کر انہیں انتہائی دکھ ہوتا ہے، اسی لیے مستحق موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ تقسیم کرنے کا اقدام کیا گیا ہے تاکہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے۔
ڈی او پی ایچ پی چوہدری رفاقت علی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حکومتِ پنجاب اور اعلیٰ حکام کی جانب سے روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کی پابندی کے حوالے سے خصوصی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے موٹر سائیکل سواروں پر زور دیا کہ وہ دورانِ سفر خود بھی ہیلمٹ لازمی پہنیں اور اپنے بچوں کو بھی موٹر سائیکل پر بٹھاتے وقت ہیلمٹ کے استعمال کا پابند بنائیں۔
تقریب کے اختتام پر مستحق افراد میں 30 ہیلمٹ مفت تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر شرکاء نے ہیلمٹ کی فراہمی اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی پروگرام کو سراہا۔



