پاک فوج میں بھرتی کے آن لائن رجسٹریشن سسٹم میں مبینہ تکنیکی خرابی، امیدوار مشکلات کا شکار، آئی ٹی حکام سے فوری اصلاح کا مطالبہ

پڑی درویزہ: پاکستان آرمی میں سپاہی سمیت مختلف عہدوں پر بھرتی کے لیے جاری آن لائن رجسٹریشن کے عمل میں مبینہ تکنیکی خرابی کے باعث امیدواروں اور انٹرنیٹ آپریٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔ امیدواروں نے متعلقہ آئی ٹی حکام سے ویب سائٹ کے مسئلے کا فوری نوٹس لے کر اصلاحِ احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

پرنٹ اور سوشل میڈیا پر پاکستان آرمی میں سپاہی سمیت مختلف عہدوں پر بھرتی کا اشتہار گردش کر رہا ہے، جس کے مطابق امیدواروں کے لیے یکم ستمبر 2026 سے 23 نومبر 2026 تک آن لائن اور قریبی بھرتی مراکز پر براہِ راست رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

مقامی انٹرنیٹ آپریٹرز کے مطابق آن لائن رجسٹریشن کے دوران امیدوار کی ذاتی معلومات درج کرنے کے لیے ابتدائی صفحہ تو کھل جاتا ہے۔ مطلوبہ معلومات مکمل کرنے کے بعد ذاتی معلومات کا خلاصہ بھی ظاہر ہوتا ہے اور امیدوار کو دی گئی معلومات سے مطمئن ہونے کی صورت میں فارم آگے بھیجنے کے لیے سبز بٹن دبانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

تاہم آپریٹرز کے مطابق سبز بٹن دبانے کے بعد ویب سائٹ میں معمولی حرکت تو ہوتی ہے لیکن اگلا صفحہ ظاہر نہیں ہوتا، جس کے باعث امیدوار مزید معلومات درج کرکے رجسٹریشن کا عمل مکمل نہیں کر پاتے۔ اس صورتحال میں امیدواروں کو رجسٹریشن مکمل ہونے اور رول نمبر سلپ وغیرہ کے حصول کے حوالے سے بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

بھرتی کے خواہش مند امیدواروں اور انٹرنیٹ آپریٹرز نے متعلقہ پاکستان آرمی آئی ٹی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آن لائن رجسٹریشن ویب سائٹ میں درپیش مبینہ تکنیکی مسئلے کا فوری جائزہ لے کر اسے دور کیا جائے، تاکہ امیدوار بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی درخواستیں آن لائن جمع کرا سکیں اور بھرتی کے عمل میں بروقت شامل ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button