جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، ناجائز اسلحہ رکھنے والا ملزم اور دو اشتہاری مجرمان گرفتار

جہلم: ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران مختلف مقامات پر افراد، گھروں اور ہوٹلز و بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران تھانہ ڈومیلی کے علاقے میں ناجائز اسلحہ رکھنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 30 بور پسٹل معہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا، جبکہ اسی کارروائی کے سلسلے میں 2 اشتہاری مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کے دوران افراد، گھروں اور ہوٹلز و بس اسٹینڈز کی چیکنگ کی جا رہی ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ترجمان کے مطابق دورانِ سرچ آپریشن تھانہ ڈومیلی کے علاقے میں ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن برآمد ہوا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اسی سلسلے میں 2 اشتہاری مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
پولیس کے مطابق بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اگر کسی شہری کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر اپنے قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی جائے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ضلع بھر میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔



