جہلم میں مرغی کا گوشت مہنگا، کم وزن کی شکایات نے شہریوں کو پریشان کر دیا

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مرغی کا گوشت بھی شہریوں کی پہنچ سے دور ہونے لگا ہے، جبکہ مرغی کے گوشت کی فروخت میں مبینہ کم وزن اور من پسند نرخ وصول کیے جانے کی شکایات روزانہ کی بنیاد پر سامنے آنے لگی ہیں۔

شہریوں کے مطابق بعض دکاندار ایک کلوگرام گوشت کی قیمت وصول کرنے کے باوجود وزن میں 200 سے 250 گرام تک کمی کرکے صارفین کو مبینہ طور پر مالی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض مرغی فروشوں کی جانب سے ایک کلوگرام گوشت کے نام پر ساڑھے سات سو سے 800 گرام تک گوشت فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ صارف سے ایک کلوگرام یا اس سے زائد وزن کی قیمت وصول کی جاتی ہے۔ شہریوں کے مطابق وزن میں اس مبینہ کمی کے علاوہ بعض دکاندار سرکاری یا مارکیٹ نرخ سے تقریباً 50 سے 100 روپے فی کلوگرام زائد رقم بھی وصول کر رہے ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ قیمت اور وزن دونوں میں مبینہ بے ضابطگی کے باعث انہیں دوہرا مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق ایک طرف مرغی کے گوشت کی قیمت میں مسلسل اضافہ عام آدمی کے لیے پہلے ہی مشکلات پیدا کر رہا ہے، جبکہ دوسری جانب مبینہ کم وزن اور اضافی قیمت وصولی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

شہریوں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرغی کا گوشت بھی اب عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے گوشت خریدنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سرکاری نرخ اور مقررہ وزن کے حوالے سے مؤثر نگرانی کی جائے تو صارفین کو مبینہ ناجائز وصولیوں اور کم وزن سے تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔

شہریوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس سے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی کے گوشت کی دکانوں پر نرخوں اور وزن کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے، مبینہ کم وزن اور مقررہ نرخ سے زائد وصولی کی شکایات کا نوٹس لیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ صارفین کو مقررہ قیمت کے عوض مکمل وزن اور مناسب نرخ پر گوشت کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button