جہلم: زگ زیگ ٹیکنالوجی کا موثر نفاذ، بھٹہ سکولوں کی بہتری اور شجرکاری کے فروغ کیلئے مربوط اقدامات یقینی بنائے جائیں گے، سارہ امجد

جہلم: بھٹہ خشت کے شعبے میں جدید زگ زیگ ٹیکنالوجی کے موثر نفاذ، لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ انتظام سکولوں کی بہتری اور بھٹوں پر شجرکاری کے فروغ کے لیے ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز سارہ امجد کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں محکمہ لیبر، محکمہ ماحولیات، پیسی، لٹریسی ڈیپارٹمنٹ، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بھٹہ مالکان اور متعلقہ افراد کے لیے زگ زیگ ٹیکنالوجی سے متعلق تربیتی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے اور بھٹوں کو جدید اور ماحول دوست طریقہ کار کی جانب منتقل کرنے کے لیے عملی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اس حوالے سے جاری اقدامات، تربیتی سرگرمیوں اور متعلقہ اداروں کے کردار پر بھی غور کیا۔
اجلاس میں لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ انتظام بھٹوں پر قائم سکولوں کے معیار میں بہتری، طلبہ کے لیے تدریسی ماحول کو مزید سازگار بنانے اور اساتذہ کو ضروری سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ اس موقع پر بھٹہ سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر بنانے اور اساتذہ کے لیے مناسب سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں بھٹوں پر منظم شجرکاری کے فروغ اور ماحولیاتی بہتری کے لیے بھی مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے اس حوالے سے اپنے اقدامات اور تجاویز سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز سارہ امجد نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے طے شدہ اقدامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زگ زیگ ٹیکنالوجی سے متعلق تربیتی سرگرمیوں کو نتیجہ خیز بنانے، بھٹہ سکولوں اور اساتذہ کے لیے ضروری سہولیات میں بہتری لانے اور بھٹوں پر منظم شجرکاری کو فروغ دینے کے لیے عملی پیش رفت یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے اپنے اپنے دائرہ کار میں ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیتے ہوئے باہمی رابطہ برقرار رکھیں تاکہ بھٹہ خشت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، تعلیمی سہولیات کی بہتری اور ماحولیاتی اقدامات کے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔



