جہلم پولیس کے ضلع بھر میں 16 سرچ آپریشنز، 457 افراد اور 202 گھروں کی چیکنگ، افغان شہری سمیت 3 ملزمان گرفتار

جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ضلع کے مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 16 سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 457 افراد، 202 گھروں، 21 ہوٹلز اور بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔

پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران تھانہ سول لائن، تھانہ کالا گجراں اور تھانہ پنڈدادنخان کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں ایک غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری، ایک ناجائز اسلحہ رکھنے کا ملزم اور ایک مبینہ منشیات فروش شامل ہے۔

کارروائیوں کے دوران منشیات فروش کے قبضے سے ایک کلو 240 گرام چرس جبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے کے ملزم سے پستول 30 بور معہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔ پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اس موقع پر شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمی میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام اور معاشرے میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

پولیس نے شہریوں پر زور دیا کہ اگر ان کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو مطلوبہ کوائف کے بغیر رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر اپنے قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ضلع میں امن و امان کا قیام جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button