جہلم چیمبر کے سابق صدر حاجی زاہد حسین بٹ کا جہلم پریس کلب کا دورہ، نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد

جہلم پریس کلب کے حالیہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب عہدیداران کو معروف کاروباری شخصیت اور سابق صدر جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی زاہد حسین بٹ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پریس کلب پہنچ کر مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر حاجی زاہد حسین بٹ کے ہمراہ شیراز حسین بٹ، حافظ مقصود شفیق، زاہد عمران چوہان، آفتاب حسین، محمد زبیر اور محمد اسامہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے نومنتخب صدر ڈاکٹر سہیل امتیاز خان، چیئرمین راجہ نوبہار خان، جنرل سیکرٹری مرزا قدیر بیگ، سینئر نائب صدر چوہدری ظفر نور، نائب صدر غلام قادر مخلص، جوائنٹ سیکرٹری نجف شہزاد، فنانس سیکرٹری راجہ سہیل کیانی، انفارمیشن سیکرٹری سید ناصر محمود اور آفس سیکرٹری عبدالغفار آزاد کو مبارک باد دی۔ نومنتخب عہدیداران کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔
حاجی زاہد حسین بٹ نے نومنتخب عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافت معاشرے کی اصلاح، عوامی مسائل کی نشاندہی اور حقائق کو منظرِ عام پر لانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ جہلم پریس کلب کی نومنتخب قیادت پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ غیر جانب داری، دیانت داری اور پیشہ ورانہ اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع جہلم کے عوام کی آواز متعلقہ حکام تک پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ جہلم پریس کلب صحافتی برادری کے اتحاد، باہمی احترام اور علاقائی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ نومنتخب قیادت کو چاہیے کہ وہ تمام صحافیوں کو ساتھ لے کر چلے اور اختلافات سے بالاتر ہو کر صحافیوں کے وقار، اتحاد اور فلاح و بہبود کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔
اس موقع پر نومنتخب صدر ڈاکٹر سہیل امتیاز خان نے حاجی زاہد حسین بٹ اور ان کے تمام ساتھیوں کا اپنی اور نومنتخب ٹیم کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جانب سے محبت، خلوص اور حوصلہ افزائی ہمارے لیے باعثِ عزت ہے۔
ڈاکٹر سہیل امتیاز خان نے مزید کہا کہ جہلم پریس کلب کی نومنتخب قیادت صحافی برادری کے اتحاد، باہمی احترام اور پیشہ ورانہ اقدار کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ضلع جہلم کے عوامی مسائل کو اجاگر کرنا، مظلوم اور محروم طبقات کی آواز اربابِ اختیار تک پہنچانا اور حقائق پر مبنی صحافت کو فروغ دینا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نومنتخب ٹیم تمام صحافیوں کو ساتھ لے کر چلے گی اور صحافتی برادری کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔



