گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں ووٹر آگاہی سیشن، طلبہ و طالبات کو انتخابی عمل اور ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا

جہلم: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی ووٹر ایجوکیشن کمیٹی جہلم کے تعاون سے گورنمنٹ گریجویٹ کالج جہلم میں ووٹر آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور ووٹ کی اہمیت اور انتخابی عمل سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ الیکشن کمشنر جہلم محمد علی رانا نے شرکاء کو ووٹ کے اندراج، اخراج اور درست استعمال کے طریقۂ کار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے انتخابی عمل میں ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کے لیے اپنے انتخابی حقوق اور ذمہ داریوں سے آگاہ ہونا ضروری ہے تاکہ وہ انتخابی عمل میں مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کر سکے۔

اس موقع پر ضلعی ووٹر ایجوکیشن کمیٹی جہلم کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور نوجوانوں میں ووٹر آگاہی کے فروغ کی اہمیت اجاگر کی۔ سیشن کا بنیادی مقصد طلبہ و طالبات کو انتخابی عمل کے مختلف مراحل سے روشناس کرانا، ووٹ کے درست استعمال کے حوالے سے شعور بیدار کرنا اور نوجوان نسل کو ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اپنے جمہوری کردار کی ادائیگی کے لیے تیار کرنا تھا۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ باخبر ووٹر مضبوط جمہوری نظام کی بنیاد ہوتے ہیں، جبکہ ووٹ کا درست اور ذمہ دارانہ استعمال قومی مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس طرح کی آگاہی سرگرمیاں نوجوانوں کو اپنے انتخابی حقوق سمجھنے اور جمہوری عمل میں مثبت شرکت کی ترغیب دینے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button