پنڈدادنخان کو جرائم سے پاک اور امن و امان بحال رکھنا اولین ترجیح ہے، ڈی ایس پی عامر شاہین گوندل

پنڈدادنخان: ڈی ایس پی عامر شاہین گوندل نے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کو جرائم سے پاک کرنا اولین ترجیح ہے، عوامی تحفظ کے لئے دن رات کوشاں رہیں گے۔ معاشرے سے منشیات جیسی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ باشعور شہروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
نو تعینات ڈی ایس پی پنڈدادنخان سرکل عامر شاہین گوندل نے تحصیل پریس کلب پنڈدادنخان کے صحافتی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں جرائم کی بنیادی وجہ نشے کا بڑھتا رجحان ہے جوکہ ہماری نوجوان نسل کے مستقبل کی تباہی کا سبب بھی بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان سے منشیات فروشی جیسے کالے دھندے کا خاتمہ اور امن و امان بحال رکھنا اولین ترجیح ہے، صحافی معاشرے کی آنکھ ہوتے ہیں جوکہ معاشرے کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔
عامر شاہین گوندل نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی سے پولیس کی مدد کریں منشیات سمیت دیگر جرائم کے خاتمہ کے لیے باشعور شہریوں کو بھی پولیس تعاون کرکے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پولیس کا کام ہے کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنائیں، کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ تحصیل پنڈدادنخان کے عوام پولیس سے متعلقہ شکایات کے لئے بالمشافہ ملاقات کریں ازالہ کیا جائے گا۔ تحصیل پنڈدادنخان سرکل کے پولیس افسران اور ا ہلکاروں کو سائلین سے مناسب رویہ اپنانے کی ہدایات کی ہیں، عوام سے ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔



