پنڈدادنخان کے تاجروں کمیونٹی وفد کی ضلعی حکام سے ملاقات، مختلف مسائل پر تبادلہ خیال، تجاویز پیش

جہلم: مرکزی انجمن تاجران پنڈدادنخان اور مقامی کمیونٹی کے نمائندہ وفد نے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس سے ملاقات کے لیے جہلم کا دورہ کیا۔ تاہم ڈپٹی کمشنر کی راولپنڈی روانگی کے باعث وفد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صباء سحر اور دیگر ضلعی حکام سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔
اس ملاقات میں تحصیل پنڈدادنخان میں حالیہ تجاوزات آپریشن کے بعد کی صورتحال، ترقیاتی کاموں کے معیار اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی جانب سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں تاکہ عوامی مسائل کو حل کیا جا سکے۔
صباء سحر نے مسائل کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے اور باقی تمام مسائل کے حل کے لیے ضلعی حکام پوری کوشش کریں گے تاکہ تحصیل پنڈدادنخان کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
مرکزی انجمن تاجران کے نمائندگان جن میں چوہدری زبیر، عمران نواب، چوہدری زبیر گادھی، چوہدری جلیل اور ملک غلام مصطفی مٹھو شامل تھے نے تاجروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے درخواست کی کہ دکانداروں کو دھوپ، بارش اور دیگر موسمی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے دکانوں پر شیڈز لگانے کی اجازت دی جائے۔ نیز حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق، دکانوں کے لیے سیڑھیاں اور چھپر بنانے کی اجازت بھی دی جائے تاکہ کاروباری افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
سینئر صحافی چوہدری محمد سلیم باگڑی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو علاقے میں سیاحتی ترقی کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پنڈدادنخان انتہائی خوبصورت علاقہ ہے اور یہاں متعدد سیاحتی مقامات موجود ہیں جنہیں ترقی دے کر ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو راغب کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ضلعی حکومت سے درخواست کی کہ وہ پنجاب حکومت یا ٹورزم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن سے ان مقامات کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کروائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنڈدادنخان میں صدیوں پرانی تہذیب کے آثار موجود ہیں، جن میں سکندر اعظم کی گزرگاہ، ابو ریحان البیرونی کی رسد گاہ، کھیوڑہ کان نمک، اور جلال پور کے قریب وادی چمکون شامل ہیں۔ اس علاقے میں بہترین نسل کے اڑیال کی افزائش نسل کے مواقع بھی موجود ہیں، جنہیں فروغ دے کر سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صباء سحر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل اور تجاویز کو اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے گا اور ضلعی سطح پر ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ پنڈدادنخان کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



