شہید اے ایس آئی غلام رسول کی چالیسویں برسی، جہلم پولیس کی سلامی اور خراجِ عقیدت

پنڈدادنخان: شہید اے ایس آئی غلام رسول کی چالیسویں برسی کے موقع پر تھانہ جلالپور شریف کے علاقہ میں واقع شہید کی لحد پر جہلم پولیس کی جانب سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ڈی ایس پی پنڈدادنخان میاں عبدالجبار، ایس ایچ او جلالپور شریف اور دیگر پولیس افسران نے شہید کی قبر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
پولیس حکام کے مطابق شہید اے ایس آئی غلام رسول 23 مئی 1986 کو تھانہ جاتلی ضلع راولپنڈی کے علاقہ جھونگل میں منشیات فروشوں کے خلاف ریڈ کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی عظیم قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس نے بہادری، جرأت اور شجاعت کی داستانیں رقم کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ملک و قوم کیلئے لازوال قربانیاں دیں۔
ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ شہداء پولیس نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر کے یہ ثابت کیا کہ ملک و ملت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی فیملیز محکمہ پولیس کی ذمہ داری ہیں، انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا جبکہ شہداء ہمیشہ محکمہ پولیس کا حصہ رہیں گے۔



