جہلم میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، پانی ملا 1100 لیٹر ناقص دودھ موقع پر تلف

جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم نے علی الصبح مین جی ٹی روڈ پر ناکے لگا کر دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران 1100 لیٹر پانی ملا ملاوٹی دودھ کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا جبکہ ناقص دودھ کی سپلائی پر 3 گاڑیوں کو مجموعی طور پر 80 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
چھ دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 22,500 لیٹر دودھ کو چیک کیا گیا، جن میں سے 1100 لیٹر دودھ غیر معیاری اور پانی ملا ہونے کی وجہ سے تلف کیا گیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائیاں عوام کو محفوظ اور خالص دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ روزانہ کی بنیاد پر کی جاتی ہے تاکہ ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کہیں بھی ناقص یا ملاوٹی دودھ کی فراہمی کا شک ہو تو فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ناقص خوراک کی فراہمی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام کو خالص، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔



