عیدالاضحیٰ پر جہلم میں صفائی مہم جاری، مثالی اقدامات پر شہریوں کا ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین

جہلم: عیدالاضحیٰ کے موقع پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے ورکرز شہر اور مضافاتی علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے بھرپور انداز میں سرگرم عمل ہیں۔
قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے اور انہیں تلف کرنے کا عمل مسلسل جاری ہے۔ کمپنی کا عملہ جانوروں کی آلائشیں فوری طور پر شہریوں کے گھروں سے اُٹھا کر مخصوص گاڑیوں کے ذریعے شہر سے باہر ویران مقامات پر زیر زمین دفن کر رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمٰن، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذمہ داران خود صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے شہر اور مضافاتی علاقوں کے مختلف مقامات کے دورے کر رہے ہیں اور انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
اس دوران ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے لگائے گئے خصوصی کیمپ کا دورہ کیا، صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو مزید بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ صفائی مہم کے دوران شہریوں میں ویسٹ بیگز کی تقسیم، ڈور ٹو ڈور کلیکشن اور آلائشوں کی بروقت منتقلی کے اقدامات کامیابی سے جاری ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ویسٹ بیگز کا استعمال کریں اور آلائشیں مقررہ مقامات پر رکھ کر "ستھرا پنجاب” پروگرام میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
شہریوں کی جانب سے صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے پر ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر ضلعی افسران کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
صفائی سے متعلق شکایات یا معلومات کے لیے شہری 1139 ہیلپ لائن یا کمپنی کے سوشل میڈیا پیجز کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔



