میونسپل کمیٹی جہلم کا غیر قانونی بینرز اور فلیکس کے خلاف آپریشن، عوامی مقامات پر نصب اشتہاری مواد کو ہٹایا دیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے خصوصی احکامات اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ضیاء اللہ رانجھا کی زیر نگرانی میونسپل کمیٹی کا عملہ فیلڈ میں متحرک ہو گیا ہے، جہاں شہر بھر میں غیر قانونی تشہیری مواد کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق جہلم شہر کی بصری خوبصورتی برقرار رکھنے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے مختلف شاہراہوں، چوکوں اور عوامی مقامات پر نصب غیر قانونی بینرز، فلیکس اور اشتہاری مواد کو ہٹایا جا رہا ہے۔
میونسپل کمیٹی کا عملہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم تجارتی مراکز کے اطراف سے پمفلٹس اور دیگر غیر قانونی اشتہارات مسلسل ہٹا رہا ہے تاکہ شہر کو صاف اور منظم بنایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور تاجر برادری کو خبردار کیا ہے کہ عوامی املاک پر بغیر اجازت تشہیری مواد لگانا قانوناً جرم ہے، جو نہ صرف شہر کے حسن کو متاثر کرتا ہے بلکہ انتظامی نظم و نسق میں بھی خلل ڈالتا ہے۔
چیف آفیسر ضیاء اللہ رانجھا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لیے انتظامیہ کا ساتھ دیں اور غیر قانونی اشتہارات سے گریز کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے تعاون کے بغیر صفائی اور خوبصورتی کے مستقل اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے، لہٰذا مشترکہ کوششوں سے جہلم کو ایک مثالی اور منظم شہر بنایا جائے گا جہاں ہر طرف نظم و ضبط نظر آئے۔



