طالب علم سے جنسی زیادتی کیس کا فیصلہ، مجرم نقاش کو عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا

جہلم میں طالب علم کو اسلحہ کے زورپر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے مجرم کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں طالب علم سے بدفعلی کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم نقاش محمود کو عمر قید اور 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی، جبکہ مقدمے میں شامل دفعہ 506 کے تحت مزید پانچ سال قید کی سزا بھی سنائی گئی۔

گزشتہ سال مئی میں تھانہ چوٹالہ کے علاقے میں رومٹ گاؤں کے قریب فرسٹ ایئر کے ایک طالب علم (ع) کو اسلحے کے زور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ متاثرہ طالب علم کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق مدعی (ع) نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ 23 مئی 2025 کو شام تقریباً 7 بج کر 45 منٹ پر اپنے موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ رومٹ گاؤں کے قریب ملزم نقاش محمود نے مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر اسے روک لیا۔ ملزم اسے قریبی جگہ پر لے گیا اور اس کے ساتھ بدفعلی کی۔ واقعے کے بعد متاثرہ نوجوان نے پولیس سے قانونی کارروائی اور انصاف کی فراہمی کی درخواست کی۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ چوٹالہ میں درج کیا گیا اور تفتیش کے دوران ڈی این اے سمیت دیگر شواہد اکٹھے کیے گئے۔ ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈی این اے رپورٹ مثبت آنے اور موثر تفتیش کے نتیجے میں مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا، جس کے بعد عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم نقاش کو عمر قید اور 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالت نے دفعہ 506 کے تحت مزید پانچ سال قید کی سزا کا بھی حکم دیا۔

جہلم پولیس کے مطابق خواتین، بچوں اور شہریوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے لیے تفتیش کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مکمل کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button