جہلم میں برائلر مرغی کے پیلے رنگ کے گوشت پر شہریوں کی تشویش، تحقیقات کا مطالبہ

جہلم شہر اور گردونواح میں فروخت ہونے والی برائلر مرغی کے پیلے رنگ کے گوشت پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں اکثر دکانوں پر فروخت ہونے والی برائلر مرغی کا گوشت غیر معمولی طور پر پیلے رنگ کا نظر آ رہا ہے جس پر خریدار دکانداروں سے اس کی وجہ بھی دریافت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
شہریوں کے مطابق گوشت کے رنگ میں تبدیلی صحت کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے اس معاملے کی مکمل چھان بین ضروری ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی کا گوشت فروخت کرنے والی دکانوں پر فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں باقاعدگی سے چیکنگ کریں تاکہ مرغیوں کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر کہیں بھی غیر معیاری یا مشکوک گوشت فروخت ہو رہا ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری گوشت دستیاب ہو سکے۔



