جہلم میں پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 پتنگ فروش ملزمان گرفتار

جہلم: ضلع جہلم میں پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کی روک تھام کے لیے پولیس کی جانب سے بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ صدر کی قیادت میں پولیس ٹیم نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا.
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ صدر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان معیز اور فیصل فرید کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے 70 عدد پتنگیں اور کیمیکل ڈوریں برآمد ہوئیں۔ ملزمان نے پتنگ بازی کر کے عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کا جرم کیا، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں پتنگیں اور کیمیکل ڈوریں برآمد کر لی گئیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر واضح کیا کہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی ایک خونی کھیل ہے، جو کئی قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس غیر قانونی سرگرمی کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور جو بھی اس میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔



