سابق ممبر ضلع کونسل جہلم سید صغیر علی بخاری انتقال کر گئے، نماز جنازہ چھبر سیداں میں ادا کی جائے گی

پڑی درویزہ/ سوہاوہ: سابق ممبر ضلع کونسل جہلم سید صغیر علی بخاری انتقال کر گئے۔ نماز جنازہ شام 6بجے چھبر سیداں تحصیل سوہاوہ میں ادا کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق سابق ممبر ضلع کونسل جہلم، چیئر مین و ناظم یونین کونسل پھلڑے سیداں سید صغیر علی بخاری طویل سیاسی، سماجی و علمی خدمات انجام دینے کے بعد آج انتقال کر گئے۔

مرحوم کو گزشتہ شب دل کا دورہ پڑا جس پر انہیں فوری طور پر اسلام آباد کے ایک معروف نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم جانبر نہ ہو سکے اور دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔

سید صغیر علی بخاری کا شمار علاقہ جہلم کی ممتاز شخصیات میں ہوتا تھا۔ انہوں نے 1980ء کی دہائی میں اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا اور کئی مرتبہ یونین کونسل پھلڑے سیداں کے چیئر مین اور بعد ازاں ناظم منتخب ہوئے۔ اس کے علاوہ وہ ضلع کونسل جہلم کے فعال اور معروف ممبر بھی رہے۔ ان کی خدمات صرف سیاست تک محدود نہ تھیں بلکہ وہ علمی و ادبی میدان میں بھی نمایاں مقام رکھتے تھے۔

مرحوم کا تعلق ایک معزز اور خدمت گزار خاندان سے تھا۔ وہ سابق ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ پولیس سید مشیر علی شاہ مرحوم، سابق انسپکٹر سید منیر علی شاہ مرحوم اور سید وزیر علی شاہ مرحوم کے بھائی تھے۔ ان کے والد گرامی، سید امیر علی شاہ مرحوم، قیام پاکستان سے قبل متحدہ ہندوستان میں ایک مثالی پولیس افسر کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔

سید صغیر علی بخاری کی وفات سے علاقہ بھر میں غم و سوگ کی فضا چھائی ہوئی ہے۔ انہیں ایک ہمہ جہت شخصیت کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے جنہوں نے نہ صرف سیاست بلکہ عوامی خدمت، تعلیم اور ادب میں بھی اپنا نقش چھوڑا۔

مرحوم کے پسماندگان میں دو صاحبزادے شامل ہیں جو اس وقت برطانیہ (یو کے) میں مقیم ہیں۔ دیگر سوگواران میں ان کے بھتیجے سید حسنین حیدر، جو پاکستان آرمی میں بریگیڈیئر کے عہدے پر فائز ہیں، کے علاوہ کئی کمیشنڈ آفیسرز، ڈاکٹرز اور دیگر عزیز و اقارب شامل ہیں۔

سید صغیر علی بخاری کی نماز جنازہ آج بروز منگل شام 6 بجے ان کے آبائی گاؤں چھبر سیداں، تحصیل سوہاوہ میں ادا کی جائے گی۔

Exit mobile version