جہلم میں خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کی کوشش، ڈی پی او جہلم کا نوٹس، ملزم 24 گھنٹوں میں گرفتار

جہلم میں خاتون کو گھر میں کام دلانے کا بہانہ بنا کر جنسی زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں گھریلو ملازمہ کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کی کوشش کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی جانب سے واقعہ کا فوری نوٹس لینے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق طارق نامی ملزم نے کالا گجراں کی رہائشی خاتون کو گھر میں کام دلانے کے بہانے ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں لے گیا جہاں اس نے خاتون کے ساتھ نازیبا حرکات کرتے ہوئے مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی۔ تھانہ کالا گجراں پولیس نے ڈی پی او جہلم کے حکم پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ملزم کو ٹریس کر کے 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے اور اسے ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور متاثرہ خاتون کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔

Exit mobile version