پنڈدادنخان پولیس کی کارروائی، سال 2024 سے چوری کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم گرفتار

پنڈدادنخان: پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران سال 2024 سے چوری کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ پنڈ دادنخان اور ان کی ٹیم نے جدید سائنٹیفک طریقۂ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم تھانہ پنڈ دادنخان پولیس کو سال 2024 سے چوری کے مقدمہ میں مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہو گیا تھا۔ مسلسل تفتیش اور جدید تکنیکی ذرائع کی مدد سے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے مالِ مسروقہ فروخت کر کے حاصل کیے گئے 3 لاکھ 20 ہزار روپے اور 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا، جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ اشتہاری مجرمان اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے جہلم پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، جبکہ قانون شکن عناصر کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔



