سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال سوہاوہ میں آتشزدگی کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کی جانب سے منعقدہ عملی مشق کا جائزہ لیا۔
مشق کا مقصد ہنگامی حالات میں بروقت کارروائی، محفوظ انخلاء اور مریضوں و ہسپتال کے عملے کے تحفظ کے لیے کیے گئے انتظامات کو جانچنا تھا۔
عملی مشق کے دوران آگ لگنے کی فرضی صورتحال پیدا کی گئی، جس پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فوری کارروائی، آگ پر قابو پانے، متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے اور امدادی سرگرمیوں کو منظم انداز میں انجام دینے کا عملی مظاہرہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے مشق کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ہنگامی حالات میں بروقت، مربوط اور مؤثر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔
دورے کے دوران ٹی ایچ کیو ہسپتال سوہاوہ میں فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے لیے موزوں مقامات کا بھی تعین کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد ہنگامی صورتحال میں پانی کی فوری دستیابی اور آگ پر بروقت قابو پانے کے انتظامات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ہسپتال جیسے حساس مقامات پر فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر پیشگی انتظامات ناگزیر ہیں تاکہ مریضوں، ہسپتال کے عملے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ مزید یقینی بنایا جا سکے۔
