مرکزی صدر جمیعت اہل حدیث سینیٹر پروفیسرساجد میر انتقال کر گئے

جہلم: مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر، سابق سینیٹر، معروف مفسر قرآن اور ممتاز عالم دین پروفیسر علامہ ساجد میر طویل علمی و دینی خدمات کے بعد 87 برس کی عمر میں انتقال فرما گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے دینی، علمی اور سیاسی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔

علامہ ساجد میر گزشتہ کئی دہائیوں سے نہ صرف اہل حدیث مکتب فکر کے مرکزی رہنما تھے بلکہ ملک بھر میں دین اسلام، اتحاد بین المسلمین، اور پاکستان کے آئینی و نظریاتی تشخص کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل تھے۔ انہوں نے نصف صدی سے زائد عرصہ علمی، فکری، اور سیاسی جدوجہد میں گزارا، اور اپنی بے مثال قیادت و فہم و فراست سے ہزاروں افراد کے لیے مشعلِ راہ بنے۔

علامہ ساجد میر کا شمار ان بزرگ علما میں ہوتا تھا جو نہ صرف دینی حلقوں میں معتبر سمجھے جاتے تھے بلکہ ایوان بالا (سینیٹ) میں بھی ملک و ملت کی ترجمانی کا حق ادا کیا۔ وہ اتحادِ امت کے داعی اور ملت اسلامیہ کی وحدت کے پرجوش مبلغ تھے۔

نائب ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب، سعد محمد مدنی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ "پروفیسر ساجد میر کی وفات مرکزی جمعیت اہل حدیث کے لیے ایک ناقابلِ تلافی سانحہ ہے۔ وہ ہمارے محسن، رہنما اور مربی تھے۔ ان کی علمی بصیرت، سیاسی حکمت اور دینی غیرت ہمیشہ مشعلِ راہ بنی رہے گی۔”

Exit mobile version