پنجاب حکومت نے ایک بار پھر پلاسٹک بیگز پر پابندی کا عندیہ دے دیا

جہلم: حکومت پنجاب نے ایک بار پھر جون کے مہینے سے پلاسٹک بیگز پر پابندی کا عندیہ دیدیا۔
قبل ازیں بھی اس پر پابندی عائد کی گئی تھی مگر بااثر افراد کے سامنے حکومت نے گھٹنے ٹیک دیئے تھے اب بھی شاپر بیگز پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آرہا۔
حکومت کی جانب سے 6جون سے پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو فیصلے کی حد تک ہی رہے گا کیونکہ بااثر مافیا کبھی بھی نہیں چاہے گا کہ پلاسٹک بیگز پر پابند عائد ہو سکے ، پلاسٹک بیگز سے جہاں فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے وہاں پر یہ شاپر سیوریج کی بندش میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے سکولوں میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا مراسلہ جاری کر دیاگیا ہے۔ فضائی آلودگی کم کرنے کیلئے سکولوں میں پودے لگائے جارہے ہیں۔
سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات اب پلاسٹک بیگز میں سامان نہیں لاسکیں گے جب کہ کینٹین، کیفے ٹیریا پر بھی شاپنگ بیگز اور پلاسٹک کے تھیلے استعمال کرنے پر پابندی ہوگی۔



