بجلی کے بل پوسٹ آفس میں جمع کروانے کی سہولت ختم، نجی بینکوں نے بھی بل جمع کرنے سے انکار کر دیا

دینہ شہر اور گردونواح کے علاقوں میں بجلی کے بل جمع کروانے کا سنگین مسئلہ پیدا ہو گیا، پوسٹ آفس میں بل جمع کروانے کی سہولت ختم ہونے کے بعد اب متعدد نجی بینکوں نے بھی بل جمع کرنے سے انکار کر دیا، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئیسکو (اسلام آباد الیکٹر ک سپلائی کمپنی) کی جانب سے پوسٹ آفس میں بجلی کے بل جمع کروانے کی سہولت بند کر دی گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کا رخ مختلف نجی بینکوں کی جانب ہو گیا۔ تاہم دینہ میں موجود بیشتر نجی بینکوں نے سسٹم سلو یا سسٹم خراب ہونے کا بہانہ بنا کر بل جمع کرنے سے انکار کر دیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ بل اور پیسے ہاتھوں میں تھامے بینکوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں لیکن بل جمع نہیں کیے جا رہے۔ دور دراز دیہاتوں سے آنے والے صارفین بھی خالی ہاتھ واپس لوٹنے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ بجلی کے بل جمع کروانے کی آخری تاریخوں کے قریب آ جانے کے باعث ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

شہریوں نے حکومت پاکستان اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے لیے فوری ریلیف دیا جائے، پوسٹ آفس میں دوبارہ سہولت بحال کی جائے یا نجی بینکوں کو اس عمل میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ عوام کو ذہنی اذیت سے نجات مل سکے۔

عوام کا کہنا ہے کہ حکومت فوری نوٹس لے اور بجلی کے بل جمع کرنے کے نظام کو درست کرے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button